جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے علاقے پنگلینہ میں مشتبہ عسکریت پسندوں کی فائرنگ میں ایک پولیس اہلکار ہلاک جبکہ سی آر پی ایف کا ایک جوان زخمی ہوا ہے۔ کشمیر زون پولیس نے ٹویٹ کرتے ہوئے بتایا کہ پلوامہ کے علاقے پنگلینہ میں عسکریت پسندوں کی فائرنگ میں ایک پولیس اہلکار ہلاک ہو گیا ہے۔ علاقہ کو محاصرہ میں لے کر کارروائی کی جا رہی ہے۔ Pulwama Attack
اطلاعات کے مطابق حملے کے بعد سیکورٹی فورسز نے ایک وسیع علاقے کو محاصرے میں لے کر حملہ آوروں کی بڑے پیمانے پر تلاش شروع کی۔ بتایا جا رہا ہے کہ مشتبہ عسکریت پسندوں نے پولیس اور سیکورٹی فورسز پر گھات لگا کر حملہ کیا جس کے نتیجے میں دو اہلکار شدید طورپر زخمی ہوئے۔ زخمی اہلکاروں کو علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیاگیا تاہم ڈاکٹروں نے پولیس اہلکار کو مردہ قرار دیا جبکہ سی آر پی ایف اہلکار کی بھی حالت نازک بنی ہوئی ہے۔
ہلاک ہونے والے پولیس اہلکار کی شناخت ایس پی آو جاوید احمد ساکہ واصورہ پلوامہ کے طور پر ہوئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پنڈتوں کے رہائشی مکانات کے باہر ناکہ لگایا گیا تھا۔تاکہ ان کو محفوظ رکھا جائے، اسی دوران عسکریت پسندوں نے سی آر پی ایف اور پولیس کی ایک مشترکہ ناکہ پارٹی پر حملہ کر دیا۔ واضح رہے کہ فوج نے علاقے کو محاصرے میں لے لیا ہے اور حملہ آوروں کی تلاش بڑے پیمانے پر شروع کردی گئی ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے پلوامہ میں سیکورٹی فورسز پر ہوئے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے حملے کے دوران شہید ہوئے ایس پی او کو خراج عقیدت پیش کیا۔