حیدرآباد: تلنگانہ کی راجدھانی حیدرآباد میں ایک نوجوان لڑکی کی اجتماعی جنسی زیادتی کے معاملے میں پولیس نے اتوار کو ایک اور نوجوان کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے اس معاملے میں اب تک ایک 18 سالہ نوجوان سمیت چار نوجوانوں کو گرفتار کیا ہے۔ اس کے علاوہ پولیس اس معاملے میں ملوث ایک اور ملزم کی تلاش کر رہی ہے جو مفرور ہے۔ دریں اثنا، تلنگانہ کی گورنر تمیلی سائی سوندر راجن نے ریاست کے چیف سکریٹری اور ڈائرکٹر جنرل آف پولیس سے دو دن کے اندر اس معاملے پر تفصیلی رپورٹ طلب کی ہے۔
گورنر سوندرراجن کے پریس سکریٹری نے اتوار کو ایک پریس ریلیز میں کہا کہ گورنر اس گھناؤنی واردات سے بہت غمزدہ ہیں۔ گورنر کے پریس سکریٹری نے بتایا کہ اس واردات پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے گورنر نے چیف سکریٹری اور پولیس کے ڈائریکٹر جنرل کو دو دن کے اندر اس معاملے پر تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔
اس کے ساتھ ہی بی جے پی قائدین نے ڈائرکٹر جنرل آف پولیس مہیندر ریڈی کو ایک میمورنڈم پیش کرتے ہوئے اس معاملے کی سی بی آئی انکوائری کا مطالبہ کیا۔ بی جے پی کے ایک لیڈر نے دعویٰ کیا کہ ان کے پاس اس معاملے میں مقامی لیڈر کے بیٹے کے ملوث ہونے کے ثبوت موجود ہیں۔ گرفتار نابالغوں میں ایک بااثر رہنما کا بیٹا بتایا جا رہا ہے۔ ایسے میں اپوزیشن بی جے پی اور کانگریس نے اس معاملے کی سی بی آئی انکوائری کی مانگ کے لیے دباؤ بڑھا دیا ہے۔