اگرتلہ: تریپورہ کے اناکوٹی ضلع کے کمار گھاٹ کے راجکاندھی گاؤں میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک 55 سالہ شخص کی موت اور 10 دیگر زخمی ہو گئے۔ پولیس ذرائع نے بدھ کو یہ اطلاع دی۔ ذرائع نے بتایا کہ راجکاندھی گاؤں میں منگل کی رات آسمانی بجلی گرنے سے دیبجوئے دیب برما نامی شخص کی موقع پر ہی موت ہو گئی جبکہ اس کی بیٹی اور بیٹے سمیت آٹھ افراد زخمی ہو گئے۔انہوں نے بتایا کہ زخمیوں کو مقامی لوگوں نے بچا لیا اور متاثرین کو فاتیکروئے پرائمری ہیلتھ سینٹر میں داخل کرایا گیا۔ ان میں سے تین شدید زخمی ہیں جنہیں ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ دیگر کو ابتدائی طبی امداد کے بعد چھٹی دے دی گئی ہے۔واضح رہے کہ مشرقی ہندوستانی ریاستوں اور بنگلہ دیش میں طویل خشک سالی کے بعد مارچ اور اپریل کے مہینوں میں بارش، گرج چمک اور آسمانی بجلی گرنا عام واقعات ہیں۔
دوسری جانب جموں وکشمیر کے کٹھوعہ ضلع کے ہیرا نگر علاقے میں بجلی کرنٹ لگنے سے ایک نوجوان کی موت ہوگئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق کٹھوعہ کے ہیرا نگر علاقے میں ڈھابے میں کام کررہا نوجوان اُس وقت لقمہ اجل بن گیا جب ہائی ٹینشن لائن ڈھابے پر گر آئی۔معلوم ہوا ہے کہ آس پاس موجود لوگوں نے نوجوان کو علاج ومعالجہ کی خاطر ہسپتال پہنچایا تاہم وہاں پر تعینات ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔متوفی کی شناخت روشن لال ساکن مارہین تحصیل چھانگی کٹھوعہ کے بطور ہوئی ہے۔ پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ۔