ریاست ہریانہ کے ضلع سونی پت کے سینی پورہ میں دو نوجوان اور ان کے والد پر چاقو سے حملہ کرکے نیم مردہ کردیا گیا۔ حملے کے بعد زخمیوں کو اسپتال میں داخل کرایا گیا، جہاں علاج کے دوران ایک نوجوان نے دم توڑ دیا۔ بتایا جارہا ہے کہ جھگڑا پٹاخے پھوڑنے سے شروع ہوا تھا۔ پولیس نے مقتول کے زخمی والد کی شکایت پر قتل کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔
متاثرہ شیام سنگھ سینی نے پولیس کو بتایا کہ وہ سینی پورہ محلہ کا رہنے والا ہے۔ اس کے تین لڑکے ہیں۔ بدھ کی رات چھوٹی دیوالی ہونے کی وجہ سے ان کا بیٹا سچن گھر کے باہر گلی میں پٹاخے پھوڑ رہا تھا۔ پٹاخوں کی آواز سن کر پڑوسی موہت عرف لیما اور اس کا بھائی جسونت باہر آئے اور بحث کرنے لگے۔ ان کے ساتھ دو اور نوجوان بھی تھے۔
شیام سنگھ نے بتایا کہ شور سن کر میں اور میرا دوسرا بیٹا سچن بھی باہر نکل آئے۔ ہم نے موہت اور اس کے ساتھیوں کو سمجھانے کی کوشش کی مگر وہ سمجھنے کو تیار نہیں تھے۔ اس دوران موہت اور اس کا بھائی منیش اپنے ساتھیوں کے ساتھ مشتعل ہوگئے۔ انہوں نے ہمیں پکڑلیا اور چاقو سے مارنا شروع کردیا۔