نئی دہلی: یوم آئین کے موقع پر صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے اتوار کو سپریم کورٹ کے احاطے میں ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے مجسمے کی نقاب کشائی کی۔ نقاب کشائی کے بعد صدر مرمو نے مجسمہ پر گلہائے عقیدت نذر کرکے آئین کے معمار کو خراج عقیدت پیش کیا۔
اس موقع پر چیف جسٹس ڈی وائی چندر چوڑ، مرکزی وزیر مملکت برائے قانون (آزادانہ چارج) ارجن رام میگھوال، عدالت عظمیٰ کے دیگر جج، سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے عہدیدار اور دیگر معززین موجود تھے۔ سپریم کورٹ کے احاطے میں ڈاکٹر امبیڈکر کا مجسمہ نصب کرنے کا فیصلہ وکلاء کے ایک گروپ کی درخواست پر کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ آئین ہند کو اپنائے جانے کی یاد میں ہرسال 26 نومبر کو ملک میں یوم آئین کے طور پر منایا جاتا ہے۔ سال 1949 میں، آئین ساز اسمبلی کے ذریعہ آئین ہند کو 26 نومبر کو ہی اپنایا گیا تھا۔ مرکزی حکومت کی سماجی انصاف اور امپاورمنٹ کی وزارت نے 19 نومبر 2015 کو اعلان کیا تھا کہ ہر سال 26 نومبر کو یوم آئین کے طور پر منایا جائے گا۔