بھونیشور: مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) نے اوڈیشہ کے بہناگا میں 2 جون کو ہونے والے ہولناک ٹرین حادثے کی تحقیقات کرتے ہوئے حادثے کے دن ڈیوٹی پر موجود کچھ ریلوے ملازمین کے فون ضبط کر لیے ہیں۔ اوڈیشہ ٹرین حادثے میں اب تک 288 افراد کی جان گئی ہے اور ایک ہزار سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ سی بی آئی کی ٹیم نے فارنسک اور تکنیکی ٹیم کے ساتھ مین لائن، لوپ لائن کی جانچ کی اور کچھ ملازمین کے موبائل فون ضبط کر لیے جو حادثے کے دن ڈیوٹی پر تھے۔ ٹیم اپنی تحقیقات کے دوران ملازمین کے کال ریکارڈ، واٹس ایپ کالز، پیغامات اور سوشل میڈیا کے استعمال کی جانچ کر سکتی ہے۔
سی بی آئی کی ٹیم بدھ کو بہناگا بازار ریلوے اسٹیشن پہنچی اور تقریباً 45 منٹ تک حادثے کی تحقیقات کی۔ ٹیم نے منگل کو مین لائن، لوپ لائن، سگنل روم اور کنٹرول روم کا دورہ کیا اور کچھ عہدیداروں سے بات چیت کی۔ ریلوے بورڈ کی سفارش پر سی بی آئی اس واقعہ کی جانچ کر رہی ہے۔ سی بی آئی کے علاوہ ریلوے سیفٹی کمیشن بھی حادثے کی تحقیقات کر رہا ہے۔
دریں اثنا، اوڈیشہ کانگریس لیجسلیچر پارٹی کے لیڈر نرسمہا مشرا نے بہناگا ٹرین حادثہ کی سی بی آئی جانچ کے لئے ریلوے کے وزیر اشونی وشنو پر حملہ کیا ہے۔ انہوں نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ سی بی آئی جانچ کا حکم صرف لوگوں کو گمراہ کرنے اور تباہ کن حادثے سے ان کی توجہ ہٹانے کے لیے دیا گیا ہے۔ حادثے کے لیے وشنو کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے انہوں نے ان کے استعفیٰ کا مطالبہ کیا۔