ریاست بہار کے ضلع گیا میں ہر روز کورونا Corona Cases In Gaya سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے تاہم انتظامیہ کا کورونا سے بچاؤ اور اس کے پھیلاؤ کے دائرے کو روکنے کے لیے مستعد ہونے کا دعویٰ ہے۔ اچانک مثبت کیسز میں اضافے کو روکنے کے لیے ڈی ایم نے ماسک چیکنگ مہم چلانے کی بھی ہدایات دی تھی، تاہم ڈی ایم اور انتظامیہ کے دعوں کی قلعی اس وقت کھلتی نظر آئی جب بازاروں میں عوام کا ہجوم نظر آیا جہاں لوگ کورونا پروٹوکول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے نظر آئے۔ وہیں آج کلکٹریٹ احاطے میں ہزاروں کا مجمع بھی بغیر ماسک اور سوشل ڈسٹینسنگ کے نظر آیا۔
یہاں کلکٹریٹ میں آج ضلع پریشد کے چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین کا انتخاب ہو رہا تھا جہاں کرونا پروٹوکول کی خلاف ورزی نہ صرف عام لوگ کر رہے تھے بلکہ ڈیوٹی پر تعینات پولیس افسران و جوان بھی کرتے نظر آئے، اس ہجوم کو دیکھ کر سوال پیدا ہوتا ہے کہ کیا اس طرح ضلع میں کورونا وبا کو روکا جاسکتا ہے اور اس طرح کورونا پروٹوکول کی خلاف ورزی سے ضلع میں تیسری لہر کے امکانات بھی بڑھ گئے ہیں۔