پٹنہ: بہار کے نائب وزیر اعلی تیجسوی پرساد یادو نے بدھ کے روز کہا کہ مرکزی بجٹ میں بہار کے لیے کچھ نہیں ہے اور لوگ خود کو ٹھگا ہوا محسوس کر رہے ہیں۔ تیجسوی یادو نے بدھ کو یہاں نامہ نگاروں سے کہا کہ پارلیمنٹ میں پیش کئے گئے عام بجٹ میں بہار کے لئے کچھ نہیں ہے۔ لوگ مرکز کی نریندر مودی حکومت سے ٹھگہ ہوا محسوس کر رہے ہیں کیونکہ بجٹ میں ان کے لیے کچھ بھی مثبت نظر نہیں آرہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے پچھلے آٹھ برسوں میں بہت سارے وعدے کئے لیکن وہ سب کھوکھلے ثابت ہوئے۔ بہار کو خصوصی پیکیج اور خصوصی درجہ دینے کا وعدہ کیا گیا تھا لیکن اس سلسلے میں کچھ نہیں کیا گیا۔
نائب وزیر اعلی نے کہا کہ متوسط طبقہ اور سماج کے پسماندہ طبقے مہنگائی اور ان کی کم ہوتی آمدنی سے جدوجہد کر رہے ہیں۔ ایسے میں بجٹ میں 7 لاکھ روپے تک کی سالانہ آمدنی پر ٹیکس چھوٹ کی تجویز محض ایک سراب ہے۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی حکومت اور یونائیٹڈ پروگریسو الائنس (یو پی اے) حکومت کے تحت پیش کئے گئے مرکزی بجٹ میں بہت فرق ہے۔ انہوں نے کہا کہ یو پی اے حکومت کے دوران ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو چھوڑ کر ہر شعبے سے متعلق تفصیلات کا بجٹ میں ذکر کیا جاتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اب بجٹ کو انتہائی مختصر بیان میں بدل گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ دور حکومت میں ریلوے بجٹ بھی اپنی شناخت کھو چکا ہے اور اسے مرکزی بجٹ کا حصہ بنا دیا گیا ہے۔