نئی دہلی: مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے اڈانی-ہنڈن برگ معاملہ میں اپوزیشن کے الزامات پر کہا ہے کہ ان کے لیے اس معاملہ پر کوئی تبصرہ کرنا مناسب نہیں ہوگا کیونکہ سپریم کورٹ نے اس معاملے کا نوٹس لیا ہے لیکن بی جے پی کے لیے چھپانے یا ڈرنے کی کوئی بات نہیں ہے۔ کانگریس کی جانب سے حکومت پر اڈانی گروپ کی حمایت کرنے کا الزام لگانے کے بعد وزیر داخلہ نے یہ ردعمل دیا ہے۔ بتادیں کہ ہنڈن برگ-اڈانی تنازعہ ایک بڑے سیاسی تنازعہ میں تبدیل ہو گیا ہے جس میں کانگریس اور دیگر اپوزیشن پارٹیاں حکومت کے خلاف جانبداری اور کرونی سرمایہ داری کے الزامات لگا رہی ہیں۔ انہوں نے پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس کے دوران مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے یہ مسئلہ اٹھایا۔ اپوزیشن جماعتوں نے اس معاملے پر وزیر اعظم نریندر مودی کو بھی نشانہ بنایا ہے۔
خبر رساں ایجنسی اے این آئی سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ نہ تو حکومت اور نہ ہی بی جے پی کے پاس چھپانے کے لیے کچھ ہے اور نہ ہی ڈرنے کی کوئی ضرورت ہے۔ اڈانی معاملے میں کانگریس پارٹی کے اعتراضات پر مرکزی وزیر نے کہا کہ اپوزیشن صرف شور مچانا جانتی ہے۔ اگر اس کے پاس غلط کام کے ثبوت ہیں تو اسے عدالت جانا چاہیے۔ جب وزیر داخلہ سے پوچھا گیا کہ کانگریس بی جے پی پر اڈانی کے ساتھ دوستی کا الزام لگا رہی ہے۔ کانگریس کا الزام ہے کہ اڈانی کو تمام ٹھیکے مل رہے ہیں جبکہ بی جے پی کا دفاع کمزور ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ بی جے پی کے پاس اس معاملے میں چھپانے کے لیے کچھ نہیں ہے اور نہ ہی ڈرنے کی کوئی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی سپریم کورٹ نے اس سے متعلق ایک معاملے کا نوٹس لیا ہے۔ ایسے میں ملکی کابینہ کا رکن ہونے کے ناطے میرے لیے اس وقت کچھ کہنا درست نہیں ہوگا۔