نوئیڈا: ریاست اترپردیس کے نوئیڈا میں سیکٹر 39 کوتوالی پولیس نے راہل پچ-پچ گینگ کے دو بدمعاشوں کو گرفتار کیا ہے، جنہوں نے مہاراشٹر، دہلی اور اتر پردیش میں چین لوٹ (اسنیچنگ) کی 100 سے زیادہ وارداتیں انجام دی ہیں۔ پولیس نے ان دونوں سے لوٹی گئی چین اور خریدنے والے سنار کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔ بدمعاشوں کی شناخت دہلی کے نانگلوئی کے دیپک کمار سنگھ، روی کمار اور نوین کمار کے طور پر ہوئی ہے۔
پولیس نے ملزمان کے قبضے سے لوٹی ہوئی چھ زنجیریں، آٹھ ہزار روپے نقد، ایک اسکوٹی اور دو موٹر سائیکلیں برآمد کر لیں ہیں۔ دیپک کے خلاف مہاراشٹر، دہلی اور نوئیڈا میں ڈکیتی کے 20 سے زیادہ کیس درج ہیں۔ روی کے خلاف 11 مقدمات درج ہیں۔ پچھلے دو مہینوں میں دونوں لٹیرے نوئیڈا کے مختلف کوتوالی علاقوں میں لوٹ کی چھ وارداتیں انجام دے چکے ہیں۔ ایڈیشنل ڈی سی پی شکتی موہن اوستھی نے کہا کہ گرفتار لٹیرے شاطر مجرم ہیں، جو چوری شدہ موٹر سائیکلوں اور اسکوٹیوں پر سوار ہو کر لوٹ کرتے ہیں۔