ملک میں بنیادی سہولیات سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کو پورا کرنے کے لیے ریلوے، سڑک، بجلی، بندرگاہیں، قدرتی گیس، تیل اور ویئر ہاؤس جیسے شعبوں میں اگلے چار سالوں میں سرکاری اثاثوں کے مونیٹائزیشن سے 6 لاکھ کروڑ روپے یکجا کرنے کی تیاریاں کی گئی ہیں۔
اس سلسلے میں پیر کو نیتی آیوگ نے دو حصوں کی نیشنل مونیٹائزیشن پائپ لائن جاری کیا۔ پائپ لائن کو وزیر خزانہ نرملا سیتارمن، نیتی آیوگ کے وائس چیئرمین راجیو کمار، نیتی آیوگ کے سی ای او امیتابھ کانت سمیت نو سے زائد وزارتوں کے سکریٹریز نے جاری کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نرملا سیتارمن نے واضح کیا کہ وہ تمام اثاثے جو مونیٹائز کیے جائیں گے وہ مرکزی حکومت کی ملکیت میں ہی بنے رہیں گے۔
نجی شعبوں کو صرف اسے چلانے اور اس کے رکھ رکھاؤ کی ذمہ داری دی جائے گی اور اس کے لیے طے وقت بھی مقرر کیا جائے گا۔ اس کے بعد اسے حکومت کے حوالے کرنا ہوگا۔