ناگپور: مہاراشٹر کے ودربھ علاقے میں کسانوں کی خودکشی کا معاملہ خطرناک حد تک پہنچ گیاہے جہاں تین دنوں کے اندر نو کسانوں نے مبینہ طور پر خودکشی کر لی ہے۔ مالی مشکلات کی وجہ سے خودکشی کرنے والے کسانوں کی بیواؤں کے لیے کام کرنے والی ایک این جی او ’ودربھ جن آندولن سمیتی‘ (وی جے ایس) نے جمعرات کو یہاں بتایا کہ پچھلے تین دنوں میں نو کسانوں نے مبینہ طور پر خودکشی کی ہے۔Vidarbha reports 9 Farmers Suicides
وی جے ایس نے کہا کہ علاقے میں مسلسل بارش اور اس کے نتیجے میں آنے والے سیلاب نے فصل کو بھاری نقصان پہنچایا ہے۔ اب کسانوں کے پاس اگلی فصل بونے کے لیے بھی پیسے نہیں ہیں۔ صورتحال یہ ہے کہ کسان خاندانوں کے لیے روزی روٹی کا بندوبست کرنا بھی مشکل ہو گیا ہے۔ جس کے نتیجے میں کسان انتہائی قدم اٹھا رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ علاقے میں خودکشی کرنے والے کسانوں کی شناخت گنیش اڈے (40)، لتا چاہولے (55)، سوپنل پچ بھائی (32)، برجیش ہدے (33)، شنکر ڈانکے (70)، ساگر ڈھولے (33)، ستیش موہود (34)، منگیش ستکھیڑے (42)، بھاسکر پاردھی (40) کی شکل میں ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان میں سے پانچ کسان ضلع یوتمال کے ہیں، ودربھ کا یہ ضلع بارش سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔