شیلانگ: میگھالیہ کے تورا میں پیر کو ہجوم کی طرف سے وزیر اعلی کے دفتر (سی ایم او) پر پتھراؤ کے بعد شہر میں رات کا کرفیو نافذ کر دیا گیا۔ سی ایم او پر جس وقت پتھراؤ ہوا اس وقت وزیر اعلیٰ کونراڈ سنگما تورا ریاست میں جاب ریزرویشن پالیسی کا جائزہ لینے کے علاوہ، تورا کو میگھالیہ کے 'موسم سرما دارالحکومت‘ قرار دینے کے مطالبے پر سول سوسائٹی کے گروپوں سے بات چیت کر رہے تھے۔ پولیس کے ڈائریکٹر جنرل ایل آر بشنوئی نے کہا کہ ہجوم کے پتھراؤ سے تقریباً چھ پولیس اہلکار زخمی ہوئے جن میں ایک خاتون پولیس اہلکار اور ایک فائر فائٹر بھی شامل ہے۔ بشنوئی نے یواین آئی کو فون پر بتایا، ’’وزیر اعلیٰ محفوظ اور صحت مند ہیں۔
بشنوئی نے کہا کہ زخمی پولیس اہلکاروں کو تورا سول اسپتال لے جانے والی ایمبولینس پر بھی ہجوم نے حملہ کیا۔ انہوں نے کہا، "پولیس نے بھیڑ کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج اور آنسو گیس کے گولے داغے۔ صورتحال اب قابو میں ہے۔ ہم نے علاقے میں اضافی فورس بھیج دی ہے۔"وزیراعلیٰ سنگما کابینی وزیر مارکوئس مراک کے ساتھ اچک کانشئس ہولیسٹکلی انٹیگریٹڈکریما (اے سی ایچ آئی کے) اور گارو ہلز اسٹیٹ موومنٹ کمیٹی (جی ایچ ایس ایم سی) کے تحریک کار ارکان کے ساتھ بات چیت کر رہے تھے۔ جو اپنے مطالبات کو پورا کرنے کے لیے حکومت پر دباؤ بنانے کے لئے مغربی گارو ہلز کے ضلعی ہیڈ کوارٹر تورا میں دو ہفتوں سے غیر معینہ بھوک ہڑتال پر ہیں۔