نئی دہلی: قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) کی ایک خصوصی عدالت نے جمعرات کو گوہاٹی ہائی کورٹ کی ہدایت پر شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) کے احتجاج کے سلسلے میں آسام کے رکن اسمبلی اکھل گوگوئی اور ان کے تین ساتھیوں کے خلاف کیس دوبارہ کھول دیا۔ گوگوئی کے وکیل نے این آئی اے عدالت میں سپریم کورٹ کے حکم کی ایک کاپی پیش کی، جس میں گوگوئی کو سی اے اے مخالف مظاہرے اور ماؤ نوازوں کے مشتبہ روابط کے سلسلے میں 24 فروری تک گرفتاری سے تحفظ فراہم کیا گیا۔
سپریم کورٹ کے فیصلے پر غور کرنے کے بعد این آئی اے کے خصوصی جج پرانجل داس نے کیس کی سماعت 28 فروری تک ملتوی کر دی۔ اس دوران گوگوئی کے سینکڑوں حامی ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے عدالت کے احاطے کے باہر قطار میں کھڑے تھے۔ گوگوئی رائیور دل کے سربراہ بھی ہیں۔