نئی دہلی: قومی انسانی حقوق کمیشن (این ایچ آر سی) نے جمعہ کے روز دہلی میونسپل کارپوریشن (ایم سی ڈی) کے اسکول میں ایک نابالغ لڑکی کے ساتھ مبینہ جنسی زیادتی کے معاملے میں دہلی حکومت اور پولیس کو نوٹس جاری کیا۔ این ایچ آر سی نے مشرقی دہلی کے ایک ایم سی ڈی اسکول میں تیسری جماعت کی ایک لڑکی کی اسپورٹس ٹیچر کے ذریعہ مبینہ جنسی زیادتی کئے جانے کی میڈیا رپورٹ کا از خودنوٹس لیتے ہوئے دہلی کے چیف سکریٹری اور کمشنر کو نوٹس جاری کیا ہے۔ اس معاملے میں چار ہفتوں میں تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔
این ایچ آر سی نے کہا کہ رپورٹ میں ملزم ٹیچر کے خلاف کی گئی کارروائی، تحقیقات کی موجودہ صورتحال اور متاثرہ لڑکی کو دی گئی کاونسلنگ اور قانونی امداد کی صورتحال کو شامل کیا جانا چاہیے۔ نوٹس جاری کرتے ہوئے کمیشن نے کہا کہ اساتذہ ہر ایک کی زندگی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں کیونکہ وہ اپنے طلباء کے حقیقی محافظ اور رہنما ہونے کے ساتھ ساتھ نوجوان نسل کے لیے محفوظ ماحول پیدا کرنے میں اہم رول ادا کرتے ہیں۔