چیف جسٹس آف انڈیا (سی جے آئی) این وی رمنا نے منگل کے روز سپریم کورٹ میں جج کے عہدے کے طور پر تین خواتین ججوں سمیت نو ججوں کو حلف دلایا ہے۔ سپریم کورٹ کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب نو جج ایک ساتھ اس عہدے کے لیے حلف لے رہے ہیں۔ اس طرح سپریم کورٹ میں ججوں کی کل تعداد 33 ہوجائے گی۔
روایتی طور پر نئے ججوں کو عہدے کا حلف چیف جسٹس کے کورٹ روم میں دلوایا جاتا ہے۔ تاہم حلف برداری کی یہ تقریب سپریم کورٹ کے اضافی بلڈنگ کمپلیس میں موجود آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی، جہاں کووڈ کے رہنما ہدایت پر مکمل طور پر عمل کیا گیا۔
منگل کے روز نئے نو ججوں کے حلف لینے کے ساتھ عدالت عظمیٰ میں سی جے آئی سمیت ججوں کی تعداد 33 ہوجائے گی، جب کہ چیف جسٹس سمیت ججوں کی منظور شدہ تعداد 34 ہے۔
سپریم کورٹ کے ججوں کے طور پر حلف لینے والے نو نئے ججوں کی فہرست میں شامل ہیں، جسٹس ابھے شرینواس اوکا، جو کرناٹک ہائی کورٹ کے چیف جسٹس تھے۔ اس کے بعد گجرات ہائی کورٹ میں بطور چیف جسٹس اپنی خدمات انجام دے چکے جسٹس وکرم ناتھ، سکم ہائی کورٹ کے چیف جسٹس رہ چکے جسٹس جتیندر کمار مہیشوری، کیرالہ ہائی کورٹ کے جج رہ چکے جسٹس سی ٹی روی کمار اور سینیئر ایڈوکیٹ اور سابق ایڈیشنل سالیسیٹر جنرل پی ایس نرسمہا شامل ہیں۔
وہیں جن تین خواتین ججوں نے حلف لیا ہے، ان میں جسٹس بی وی ناگراتھنا (کرناٹک ہائی کورٹ)، جسٹس ہما کوہلی (تلنگانہ ہائی کورٹ) اور جسٹس بیلا ترویدی (گجرات ہائی کورٹ) شامل ہیں۔