نئی دہلی:وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کو کہا کہ نئی قومی تعلیمی پالیسی ملک کے نوجوانوں کو نئی صدی کے لیے تیار کرتی ہے۔ آج یہاں ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے اتراکھنڈ روزگار میلے سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ یہ دن ان لوگوں کے لیے ایک نئی شروعات کا نشان ہے جنہوں نے اپنے تقرری لیٹر وصول کیے ہیں اور یہ نہ صرف زندگی بدلنے والا موقع ہے، بلکہ ایک مکمل تبدیلی بھی ہے۔ انہوں نے مرکز اور اتراکھنڈ حکومت کی مسلسل کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ "ہر نوجوان کو آگے بڑھنے کے لیے صحیح ذریعہ تک رسائی حاصل کرتے ہوئے اس کی دلچسپی کی بنیاد پر نئے مواقع ملتے ہیں۔ سرکاری خدمات میں بھرتی مہم بھی اسی سمت میں ایک قدم ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسی طرح کی بھرتی مہم پورے ملک میں بی جے پی کے زیر اقتدار ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں بڑے پیمانے پر چل رہی ہے۔ گزشتہ چند مہینوں میں ملک کے لاکھوں نوجوانوں کو مرکزی حکومت کی جانب سے تقرری خط موصول ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ 'مجھے خوشی ہے کہ آج اتراکھنڈ اس کا حصہ بن رہا ہے۔ مرکزی حکومت کی یہ مسلسل کوشش ہے کہ یہاں کے نوجوان اپنے گاؤں واپس جائیں۔'