نئی دہلی: بھارت کی صدارت میں جی ٹوئنٹی سربراہی اجلاس کے موقع پر حکومت نے جمعہ کو امید ظاہر کی کہ سربراہی اجلاس ایک اتفاق رائے سے 'نئی دہلی اعلامیہ' جاری کرے گا جو اس کے مفادات، ترجیحات اور خدشات کی عکاسی کرے گا جس سے گلوبل ساؤتھ اور پائیدار ترقی کے اہداف میں تیزی آئے گی۔ شرپا امیتابھ کانت، خارجہ سکریٹری ونے موہن کواترا، فنانس سکریٹری اجے سیٹھ اور جی-20 کے چیف کوآرڈینیٹر ہرش وردھن شرنگلا نے پرگتی میدان میں بھارت منڈپم میں جی 20 کی تیاریوں کے درمیان قومی بین الاقوامی میڈیا کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا۔
کانت نے کہا کہ پچھلے سال جب بھارت نے جی۔20 کی صدارت سنبھالی تھی، دنیا میں اقتصادی ترقی اور پیداوار کی شرح بہت سست تھی۔ قرضوں کا بحران تھا، پائیدار ترقی کے اہداف مخالف سمت میں چل رہے تھے اور موسمیاتی تبدیلی پر قابو پانے کے لیے ضروری اقدامات نہیں کیے جا رہے تھے۔ کانت نے کہا کہ "جی۔20 کی صدارت سنبھالنے کے بعد ہندوستان نے فیصلہ کیا کہ ہم شمولیت کے جذبے اور واسودھیوا کٹمبکم کے اصول کے ساتھ چلیں گے۔ ہم نے پایا کہ دنیا کا ایک تہائی حصہ کساد بازاری کی زد میں ہے۔
انھوں نے یہ بھی کہا کہ ہم نے پائیدار اقتصادی ترقی شروع کرنے کا فیصلہ کیا۔ ہمیں پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کی طرف تیزی سے آگے بڑھنا ہے۔ دنیا میں آلودگی اور کاربن کے اخراج پر قابو پانے کے لیے گرین اقدامات کرنا ہوں گے اور اس کے لیے گلوبل ساؤتھ کے ترقی پذیر ممالک کو مالی امداد فراہم کرنا ہوگی۔ "ہم نے کثیر الجہتی ترقیاتی بینکوں میں اصلاحات، ٹیکنالوجی پر مبنی عوامی انفراسٹرکچر کی تعمیر اور خواتین کی قیادت میں ترقی پر توجہ مرکوز کی۔