یروشلم: غزہ میں اسرائیل کی زمینی کارروائی کے ساتھ اندھادھند بمباری کا سلسلہ جاری ہے۔ تازہ جانکاری کے مطابق غزہ میں جاری لڑائی اب خطے کے سب سے بڑے اسپتال الشفا تک پنچ گئی ہے۔ اسرائیلی فورسز الشفا اسپتال کو مسلسل نشانہ بنا رہے ہیں جس میں درجنوں ہلاکتوں کی خبر ہے۔ غزہ پر اسرائیلی حملے اب تک مجموعی طور پر 11 ہزار سے زیادہ فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں۔ غزہ میں شہری ہلاکتوں پر دنیا بھر میں تنقید کا نشانہ بننے کے بعد اسرائیل نے ان ہلاکتوں کے لیے حماس کو ہی ذمہ ٹھہرایا ہے۔ اسی بیچ فرانس کے صدر امانوئل مکرون نے بھی سیزفائر پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کو عام عوام پر بمباری بند کر دینی چاہیے۔ اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے فرانسیسی صدر امانوئل مکرون کے تبصرے کے جواب میں کہا کہ شہریوں کو نقصان پہنچانے کی ذمہ داری فلسطینی تحریک حماس کی ہے، اسرائیل کی نہیں ہے۔ قبل ازیں فرانسیسی صدر امانوئل مکرون نے کہا تھا کہ غزہ کی پٹی پر اسرائیل کے حملوں کا کوئی جواز نہیں ہے اور انہیں روکا جانا چاہیے۔ نیتن یاہو کے حوالے سے اسرائیلی وزیر اعظم کے دفتر نے ایکس پر بتایا کہ "شہریوں کو پہنچنے والے کسی بھی نقصان کی ذمہ داری حماس کی ہے، نہ کہ اسرائیل کی۔"
وزیر اعظم نے کہا کہ اسرائیل عام شہریوں کو نقصان پہنچانے سے بچنے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہا ہے اور انہیں لڑائی والے علاقوں سے نکلنے کے لیے کہہ رہا ہے، جب کہ حماس انھیں محفوظ علاقوں میں جانے سے روکنے کی کوشش کر رہی ہے اور انھیں انسانی امداد کہہ کر اسے ڈھال کے طور پر استعمال کر رہی ہے۔ سات اکتوبر کو، فلسطینی گروپ حماس نے غزہ کی پٹی سے اسرائیل کے خلاف ایک حیران کن راکٹ حملہ کیا اور سرحد پار کر کے پڑوسی اسرائیلی کمیونٹی کے لوگوں کو قتل اور اغوا کیا۔ اسرائیل نے جوابی حملے کیے اور غزہ کی پٹی کی مکمل ناکہ بندی کا حکم دیا، پانی، خوراک اور ایندھن کی سپلائی بند کر دی۔ 27 اکتوبر کو، اسرائیل نے حماس کو ختم کرنے اور یرغمالیوں کو بچانے کے بیان کردہ ہدف کے ساتھ غزہ کے اندر بڑے پیمانے پر زمینی دراندازی شروع کی۔