نئی دہلی: مرکزی حکومت نے جمعرات کو راجیہ سبھا میں کہا کہ کم از کم 9,521 بھارتی قیدی دنیا بھر کی مختلف جیلوں میں بند ہیں، جن میں سے 60 فیصد سے زیادہ خلیجی ممالک میں بند ہیں۔ وزارت خارجہ میں وزیر مملکت وی مرلی دھرن نے راجیہ سبھا میں کہا کہ حکومت بیرون ممالک کی جیلوں میں بند بھارتیوں کی سلامتی اور بہبود کو سب سے زیادہ ترجیح دیتی ہے۔
وزارت خارجہ کی جانب سے یہ اعدادو شمار کانگریس کے سربراہ ملکارجن کھڑگے کے ایک سوال کے تحریری جواب کی شکل میں سامنے آیا۔ سوال میں کانگریس صدر نے بیرون ملک قید بھارتی شہریوں کی تعداد، زیر سماعتوں کی تعداد سمیت ملک کے اعتبار سے اعداد و شمار طلب کیے تھے۔ وزارت خارجہ کے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق غیرملکی جیلوں میں بند 9,521 بھارتی قیدیوں میں سے 5,750 قیدی صرف خلیجی ممالک میں بند ہیں۔
سعودی عرب جیسے خلیجی ممالک میں 2,200 بھارتی قیدی ہیں، اس کے بعد متحدہ عرب امارات میں 2,143، قطر میں 752، بحرین میں110، کویت میں 410 اور عمان میں135 قیدی ہیں۔ اسی طرح برطانیہ میں 278، امریکا میں 170، پاکستان میں308، نیپال میں1227، ملائیشیا میں309، چین میں 180، اٹلی میں 165 بھارتی قیدی ہیں۔