ناگپور:نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے سربراہ شرد پوار نے ہفتہ کو راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے سربراہ موہن بھاگوت کے 'ورن اور ذات' پر دیئے گئے ریمارکس کی تعریف کی اور کہا کہ اس طرح کے بیانات کو حقیقی شکل لینا چاہیے۔ صرف کہنے کی حد تک یہ بیان نہیں ہونا چاہئے۔Pawar welcomes Mohan Bhagwat Statement
سنگھ کے سربراہ نے جمعہ کو ناگپور میں ایک کتاب ریلیز پروگرام میں کہا تھا کہ ورن اور ذات پات جیسے تصورات کو مکمل طور پر ختم کر دینا چاہیے۔ ہر وہ چیز جو ایک ہی معاشرے میں تفریق کا باعث بنتی ہے اسے ختم کرنا چاہیے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ پوری دنیا میں پرانی نسلوں نے ہر جگہ غلطیاں کی ہیں اور بھارت بھی اس سے مستثنیٰ نہیں ہے۔ یہ تسلیم کرنے میں کوئی ہچکچاہٹ نہیں ہونی چاہیے کہ ہمارے اسلاف نے غلطیاں کیں۔
سنگھ کے سربراہ کے اسی بیان کا جواب دیتے ہوئے مسٹر پوار نے آج ناگپور میں ایک تقریب میں کہا کہ اس طرح کے بیانات قابل ستائش ہیں اور ایسی سوچ کو عملی جامہ پہنایا جانا چاہئے تاکہ یہ محض قول نہ رہ جائے۔این سی پی سربراہ نے کہا کہ ملک میں اس امتیازی سلوک کی وجہ سے سماج کا ایک بڑا طبقہ متاثر ہوا ہے اور جو لوگ ایسا کرنے کے ذمہ دار ہیں وہ آج یہ مان رہے ہیں کہ ایسی چیزوں کو ختم کرنے کی ضرورت ہے، تو یہ بہت اچھی بات ہے۔