چنڈی گڑھ: پنجاب کانگریس کے سابق صدر نوجوت سنگھ سدھو نے جمعرات کو عام آدمی پارٹی پر دہلی اور پنجاب میں شراب کے گٹھ جوڑ کو ہوا دینے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں جہاں ریاست کا خزانہ خالی ہے، وہیں مافیا کی لوٹ مار جاری ہے۔ شراب کے کاروبای دیپ ملہوترا کے احاطے پر انکم ٹیکس کے چھاپوں کی خبروں کے تراشے شیئر کرتے ہوئے سدھو نے ایک طویل ٹویٹ میں الزام لگایا کہ دہلی اور پنجاب شراب کے گٹھ جوڑ کو ہوا دینے میں ملوث ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ دہلی کے وزیر اعلیٰ اور عآپ کے قومی کنوینر اروند کیجریوال نے پالیسی اور قانون کو توڑتے ہوئے ملہوترا کو دو سے زیادہ زون دیے، جس سے مبینہ طور پر 2200 کروڑ روپے کا گھپلہ ہوا، اسی پالیسی پر پنجاب کے وزیر اعلی بھگونت سنگھ مان بھی عمل پیرا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ شراب کا کاروبار حکومت کی سرپرستی میں ایک پرائیویٹ مافیا چلا رہے ہیں۔
سدھو نے الزام لگایا کہ دہلی کی پالیسی جلد بازی میں تبدیل کی گئی اور یہ قانون کے دائرے میں ہے اور پنجاب میں ریاستی حکومت ایسی پالیسی بنانے کی کوشش کر رہی ہے کہ چند بڑے لوگ کاروبار پر اجارہ داری قائم کریں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن پارٹیاں پہلے ہی سی بی آئی انکوائری کا مطالبہ کر رہی ہیں لیکن ریاستی حکومت ہائی کورٹ میں کہہ رہی ہے کہ وہ جیرا میں شراب کی فیکٹری کو فضائی آلودگی کی منظوری سے متعلق نیا حکم جاری کرے گی۔ انہوں نے مان سے پوچھا کہ کیا ملہوترا جیرا شراب کی فیکٹری کے مالک ہیں یا نہیں؟ کانگریس کے لیڈر نے یہ بھی کہا کہ اگر مافیا کی اسی طرح حوصلہ افزائی ہوتی رہی تو وہ جیرا مخالف احتجاج میں شامل ہوں گے۔