نئی دہلی:کووڈ -19 کے بڑھتے ہوئے معاملوں کے پیش نظر، کورونا وائرس سے نمٹنے کی تیاریوں کی جانچ کے لیے پیر کے روز ملک بھر میں موک ڈرل کا انعقاد کیا گیا۔ مرکزی وزیر صحت و خاندانی بہبود مانسکھ منڈاویہ قومی دارالحکومت کے رام منوہر لوہیا اسپتال پہنچے اور کووڈ مینجمنٹ کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر مسٹر منڈاویہ نے ڈاکٹروں، پیرا میڈیکل عملہ اور تکنیکی عملہ سے بھی بات چیت کی۔ انہوں نے اسپتال کے احاطے میں آکسیجن جنریشن پلانٹ کا آپریشن بھی دیکھا۔
ملک میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے معاملوں کے پیش نظر، صحت و خاندانی بہبود کے مرکزی وزیر نے جمعہ کے روز ریاستوں کے وزرائے صحت اور پرنسپل سکریٹریوں کے ساتھ بات چیت کی اور پیر اور منگل کے روز تمام اسپتالوں میں موک ڈرل کا انعقاد کیا گیا اور صحت کی تیاریوں پر تبادلہ خیال کیا۔ ضلعی انتظامیہ اور صحت کے حکام سے جائزہ لینے کی درخواست کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ کووڈ کی نئی اقسام سمیت تمام کیسز کے لیے جانچ، ٹریسنگ، تشخیص، ٹیکہ کاری اور مناسب ہدایات کی پابندی کی پانچ جہتی حکمت عملی اپنائی جانی چاہیے۔ ریاستوں کو آر ٹی پی سی آر جانچ میں اضافہ کرنے کو بھی کہا گیا۔