مرکزی حکومت نے ملک کی چار ریاستوں میں کورونا ویکسن کے ڈرائی رن کی کامیابی کے بعد اب 2 جنوری کو ملک کی سبھی ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں ڈرائی رن کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
صحت اور خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت نے جمعرات کو بتایا کہ مرکزی حکومت نے سبھی ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو کورونا ویکسن کے ڈرائی رن کی پوری تیاری کرنے کی ہدایت دی ہے۔
صحت کے مرکزی سکریٹری راجیش بھوشن نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ سبھی ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے پرنسیپل سکریٹریوں (صحت) اور دیگر طبی افسروں کے ساتھ اعلی سطحی میٹنگ کی اور کورونا کی ویکسن کے ڈرائی رن کےلئے نشاندہی کی گئی سبھی سائٹ پر تیاریوں کا جائزہ لیا۔
ڈرائی رن میں ٹیکا کاری سے جڑے پورے عمل کو اس طرح سے انجام دیا جاتا ہے جیسے حقیقت میں ٹیکا کاری کی مہم چلائی جارہی ہو۔