سرینگر :جموں و کشمیر کے دارالحکومت سرینگر میں ڈل جھیل کے بلواڈ روڈ پر آج بعد دوپہر ایک نجی گاڑی میں پر اسرار دھماکہ ہوا، جس سے علاقے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ تاہم پولیس نے بتایا کہ دھماکہ ایک نجی گاڑی میں کسی تکنیکی خرابی کی وجہ سے ہوا ہے، جس میں کوئی جانی نقصان یا زخمی نہیں ہوا ہے۔ پولیس نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ایک نجی ہونڈا سٹی زیمر نمبر (JK01M 0878) کے پچھلے حصے میں دھماکہ ہوا ہے۔
پولیس نے بتایا اس گاڑی میں مقامی شہری حفیظ بٹ اور اس کی اہلیہ سوار تھے، جو صحیح سلامت ہیں۔ پولیس نے بتایا کہ یہ دونوں افراد سرینگر کے نشاط علاقے کے رہنے والے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات سے یہ معلوم ہوا ہے کہ اس گاڑی کے کسی سامان میں تکنیکی خرابی سے یہ دھماکہ ہوا ہے۔ غور طلب ہے کہ بلواڈ روڈ جھیل ڈل کے کنارے سرینگر کو نشاط سے جوڑ رہا ہے اور یہاں سیاحوں اور مقامی لوگوں کی کافی بھیڑ رہتی ہے۔