دہلی:پرینکا گاندھی نے دہلی کے راج گھاٹ سے مودی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ پرینکا گاندھی نے سنکلپ ستیہ گرہ کے دوران کہا کہ میرے خاندان نے اس ملک کی جمہوریت کو اپنے خون سے سینچا ہے۔ پرینکا گاندھی نے راج گھاٹ پر ایک واقعہ سنایا۔ پرینکا نے کہا کہ 1991 میں میرے والد کا جنازہ تین مورتی بھون سے نکل رہا تھا۔ اس دوران ہم والدہ اور بھائی کے ساتھ گاڑی میں بیٹھے تھے اور ہمارے سامنے انڈین آرمی کا پھولوں سے لدا ٹرک تھا۔ اس کے اوپر میرے والد کی لاش تھی۔ جب قافلہ کچھ دور گیا تو راہل نے کہنا شروع کیا کہ مجھے نیچے اترنا ہے، تب میری والدہ نے انکار کر دیا کیونکہ سکیورٹی ایک بڑا مسئلہ تھا۔
اس کے بعد پرینکا نے کہا کہ راہل گاڑی سے نیچے اترے اور فوج کے پیچھے پیچھے لگے۔ تپتی دھوپ میں اپنے والد کے جنازے کے پیچھے چلتے ہوئے یہاں پہنچے۔ میرے بھائی نے میرے شہید والد کی آخری رسومات اس جگہ سے تقریباً 500 گز کے فاصلے پر ادا کیں۔ وہ تصویر آج بھی میرے ذہن میں ہے۔ میرے والد کی لاش اس ترنگے میں لپٹی ہوئی تھی۔ اس کے پیچھے پیچھے چلتے ہوئے میرا بھائی یہاں تک آیا تھا۔ شہید والد کی پارلیمنٹ میں توہین کی جاتی ہے۔ تم شہید کے بیٹے کو غدار اور میر جعفر کہتے ہو۔ اس کی ماں کی توہین کرتے ہیں۔ آپ کے وزراء پارلیمنٹ میں میری والدہ کی توہین کرتے ہیں۔ آپ کے ایک وزیر کہتے ہیں کہ راہل گاندھی نہیں جانتے کہ ان کے والد کون ہیں۔