حجاب شریعت کا لازمی حصہ ہے، ہر مسلمان عورت کے لئے بالاتفاق سر چھپانا واجب ہے، اور اس کی خلاف ورزی سخت گناہ ہے، ان خیالات کا اظہار آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے جنرل سکریٹری مولانا خالد سیف اللہ رحمانی نے اپنے صحافتی بیان میں کیا۔
انہوں نے کہا کہ کرناٹک کے بعض تعلیمی اداروں میں جیسے ہی یہ مسئلہ پیدا ہوا، بورڈ نے فوراََ توجہ کی اور کرناٹک کی مقامی ذمہ دار شخصیتوں، تنظیموں کے ذمہ داروں اور بورڈ کے معزز ارکان سے رابطہ کیا، ان حضرات کا خیال تھا کہ ہم اس مسئلہ کو مقامی طور پر حل کر لیں گے، اس کو نیشنل ایشو نہیں بنائیں گے اور انھوں نے اس کے لئے بھر پور کوشش بھی کی مگر افسوس کہ اس میں کامیابی حاصل نہیں ہو سکی، پھر کرناٹک کی بی جے پی حکومت کے مسلم مخالف موقف اختیار کرنے کی وجہ سے یہ مسئلہ پوری ریاست میں پھیل گیا۔All India Muslim Personal Law Board Moves SC
انہوں نے کہا کہ بورڈ مقدمہ میں فریق بننے والے مسلمانوں اور قانون دانوں سے مسلسل رابطہ میں رہا، قانونی اور شرعی نقطۂ نظر سے ان کے لئے مواد فراہم کیا، لیگل کمیٹی کے کنوینر نے مؤثر بحث کی، مگر کورٹ نے ایسا فیصلہ کیا، جس سے انصاف کے تقاضے پورے نہیں ہو سکے، غیر مسلم دانشوروں اور قانون دانوں نے بھی اس حقیقت کو محسوس کیا اور اسے ملک کے دستور اور وطن عزیز کی جمہوری روایات کے خلاف قرار دیا. اب سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کے علاوہ کوئی اور راستہ نہیں تھا تاکہ اس صورت حال سے قانون کے دائرہ میں رہتے ہوئے نمٹا جا سکے. چنانچہ بورڈ نے اس فیصلہ کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا ہے اور پوری قوت کے ساتھ بہتر وکلاء کی مدد سے مقدمہ لڑنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
فرقہ پرست سازشی قوتیں مختلف ملی تنظیموں میں اختلاف پیدا کرنے کے لئے کوشاں ہیں، جس کی متعدد مثالیں موجود ہیں، اس کے لئے بہت سی دفعہ دانستہ یا غیردانستہ ملت ہی کے بعض افراد آلۂ کار بن جاتے ہیں، چنانچہ اس وقت بعض گوشوں سے بورڈ کے خلاف بھی پروپیگنڈہ کرنے اور غلط فہمی پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے اور یہ تأثر دیا جا رہا ہے کہ بورڈ اس مسئلہ پر خاموش تماشائی ہے۔