اتر پردیش میں لکھنؤ کے دارلعلوم ندوۃ العلما میں آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی ایگزیکٹو کمیٹی کی میٹنگ منعقد کی گئی۔ اس مٹینگ میں بورڈ کے تمام ممبران نے شرکت کی۔ راجیہ سبھا کی رکن فوزیہ خان نے بھی میٹنگ میں شرکت کی۔ انہوں نے میٹنگ کے اختتام پر ای ٹی وی بھارت سے خاص بات کرتے ہوئے کہا کہ بورڈ کی میٹنگ میں یہ طے پایا گیا ہے کہ خواتین کو ہر میدان میں اہم ذمہ داری دی جائے گی۔
بورڈ کے سلسلے میں خواتین ونگ کو ختم کرنے کی افواہوں کی تردید کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ ایسی کوئی بات نہیں بلکہ بورڈ نے فیصلہ کیا ہے کہ خواتین کو بورڈ کے سبھی سب کمیٹیوں میں جگہ دی جائے گی تاکہ ان کہ نمائندگی ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے بھی کچھ اہم ذمہ داری دی گئی ہے، جس میں بیداری پروگرام کا اہتمام کیا جائے گا۔ خواتین کے حقوق سے متعلق مختلف پروگرام منعقد کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ طلاق، نکاح اور حجاب جیسے اہم مسئلے پر جو بھی مسائل ہوں گے ان کو دستور ہند کے پیش نظر ہی حل کیا جائے گا۔ خواتین سے متعلق علیحدہ ونگ قائم کر ان سے متعلق مسائل کو حل جائے گا۔