دہلی: حکومت کی جانب سے پاپولر فرنٹ آف انڈیا (پی ایف آئی) پر عائد کی گئی پابندی کے فیصلہ کا آل انڈیا امام ایسوسی ایشن نے خیر مقدم کیا۔ ایسوسی ایشن کے صدر مولانا ساجد رشیدی نے کہا کہ اگر اس طرح کی کوئی سرگرمیاں پہلے سے ایجنسیوں یا حکومت کی نظر میں تھیں، تو یہ کام بہت پہلے ہو جانا چاہیے تھا، لیکن پی ایف آئی کے نام پر سیکڑوں مسلم نوجوانوں کو جیل میں قید کرنا ظلم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی کے بارے میں پی ایف آئی سے رابطہ کا پتہ چلتا ہے تو اس پر کارروائی کی جائے لیکن ناحق کارروائی نہ کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس ایسی بہت سی مثالیں موجود ہیں، جس میں آج بھی ٹاڈا اور پوٹا کے نام پر ہزاروں بے گناہ مسلم نوجوانوں جیلوں میں قید کیا گیا لیکن پندرہ سال یا بیس سال کے بعد وہ جیل سے باعزت بری ہو رہے ہیں۔ ان کی زندگی تو خراب ہوگئی۔ نہ انہیں کوئی معاوضہ ملتا ہے اور نہ ہی انہیں کوئی سرکاری مدد ۔