ریاست راجستھان کے دارالحکومت جے پور کے مسلم اکثریتی علاقوں میں حکومتی نمائندوں کی جانب سے عدم توجہی کے سبب کچرے کے ڈھیر جگہ جگہ لگے ہوئے نظر آرہے ہیں۔
دارالحکومت جے پور کے مسلم اکثریتی علاقے رام گنج، عیدگاہ، محلہ پنی گران، محلہ محاوتان سمیت دیگر علاقوں میں کچرے کے ڈھیر نظر آ رہے ہیں، اس پورے معاملے کو لے کر کئی مرتبہ ذمہ داران کو مطلع کیا گیا ہے لیکن ابھی تک کسی طرح سے کوئی حل نہیں نکالا گیا۔
مزید پڑھیں:۔بھارت میں کچرا چننے والوں نے کورونا کی ویکسین کا مطالبہ کیا
اس پورے معاملے کو لے کر راجستھان حج ویلفیئر سوسائٹی کی جانب سے لوگوں نے اپنے غصے کا اظہار کیا ہے، راجستھان حج ویلفیئر سوسائٹی کے جنرل سیکرٹری حاجی نظام الدین کا کہنا ہے کہ جے پور ریاست راجستھان کی دارالحکومت ہے، اس کے باوجود جے پور کے مسلم اکثریتی علاقوں میں صفائی نہیں ہو رہی ہیں، ان علاقوں میں کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے، جگہ جگہ سیوریج چیمبر لیک ہوتے نظر آ رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان دنوں موسمی وبا کا دور بھی جاری ہے، ایسے میں مسلم علاقوں میں صفائی ہونی چاہیے، انہوں نے کہا کہ ہم ریاستی حکومت اور جے پور ہیریٹیج اور گریٹر نگر نگم کے اعلیٰ افسران اور پارشدوں سے یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ ان علاقوں کی جانب توجہ دیں اور صفائی انتظامات کو بہتر بنائیں تاکہ ہم لوگ سکون کی سانس لے سکیں۔