مہاراشٹرا سماج وادی پارٹی رہنما اور رکن اسمبلی ابوعاصم اعظمی کا وزیر اعلی سے مطالبہ ہے کہ مسلم نمائندوں اور معززین کی میٹنگ طلب کی جائے ، مسلم اکثریتی علاقوں میں عارضی منڈی تیار کی جائے اور ضروری انتظامات کے لئے جلد فیصلہ لیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ جب الیکشن اور کمبھ میلہ اور گجرات میں مندر میں کورونا کے خاتمہ کے لیے عوام کا ہجوم جمع ہوسکتا ہے تو عید قربان پر کورونا وائرس کے اصول و ضوابط کے ساتھ منڈی لگانے کی اجازت کیوں نہیں دی جاسکتی۔
ریاست بھر میں عید الاضحی کے لئے کورونا وبا کے دوران منڈی لگانے اور مسلم اکثریتی علاقوں میں عارضی منڈی تیار کرنے کا انتظامات اور دیگر اقدامات کا مطالبہ ممبئی کے وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے اور این سی پی سر براہ شرد پوار سمیت ممبئی میونسپل کارپویشن کے کمشنر اقبال سنگھ چہل سے بھی کیا ہے۔
سماج وادی پارٹی رہنما ابوعاصم اعظمی انہوں نے کہا کہ عیدقربان 19جولائی کو ہے ایسے میں ممبئی شہر میں بکروں اور قربانی کے جانوروں کی آمدورفت کی اجازت دی جائے سال گزشتہ بھی مسلمانوں نے قربانی دوران صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا انہیں کافی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔
اب حالات اس کے برعکس ہیں لاک ڈاؤن میں رعایت دی گئی ہے اس لئے عید قربان سے قبل مسلم نمائندوں اور معززین کی میٹنگ طلب کر کے عید الاضحی پر کوئی حل نکالا جائے تاکہ امسال مسلمانوں کو گزشتہ سال کی طر ح قربانی میں پریشانی نہ ہو۔
انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ کورونا میں لاکھوں کے مجمع میں انتخابی جلسہ کو تو اجازت دی جاسکتی ہے لیکن مسلمانوں کو بکرا منڈی کی اجازت نہیں ہوتی ، کمبھ میلہ اورگجرات میں کورونا کے خاتمہ کے لئے خواتین کا مندر میں ہزاروں کی تعداد میں جمع ہونے کی اجازت ہوتی ہے اس کے ساتھ ہی کئی پروگراموں میں کورونا اصول و ضوابط کی دھجیاں اڑائی گئی ہے گزشتہ سال عید قرباں پر جانوروں کی منڈی کی اجازت نہ ہو نے کی وجہ سے کئی جانور اور بکرےمر گئے۔
جانوروں کی خرید و فروخت پر منحصر کسانوں اور تاجروں کا کافی نقصان ہوا جبکہ معیشت بھی کورونا کی وجہ سے خستہ حالی کا شکار ہے ایسی صورتحال میں مشروط طور پر کورونا اصول و ضوابط کے ساتھ منڈیوں کو اجازت دی جائے۔
بھیڑ بھاڑ کو کم کرنے کے لئے علاقوں میں عارضی منڈی بنائی جائے تاکہ مسلمان اپنے علاقے اور حلقے میں جسمانی فاصلہ اور ماسک کے ساتھ بکروں اور جانوروں کی خریداری کرسکیں اس مسئلہ پر جلد از جلد کوئی حل نکالا جائے۔ میری مہاوکاس اگھاڑی حکومت سے درخواست ہے کیونکہ یہ سرکار سیکولر سرکار ہے جبکہ ہر مرتبہ یہی ہوتا ہے کہ برق گرتی ہے تو بیچارے مسلمانوں پر قربانی کے معاملہ میں سرکار کو کوئی فیصلہ جلد کرنا ہوگا تاکہ بکروں کی خریداری میں دشواری نہ ہو۔
پچھلے برس ممبئی کے حدود میں داخل ہونے والے سبھی بارڈر پر پولیس نے قربانی کے جانوروں کو روک دیا تھا جسکے سبب کاروباریوں کو بہت بڑا نقصان ہوا تھا کئی مسلم لیڈران بارڈر پر رات دن ڈٹے رہے لیکن سرکار نے کسی بھی طرح کی نرمی نہیں برتی یہی وجہ ہے کی مجلس اتحاد المسلمین کے مہارشٹر صدر فیاض خان نے کہا ہے کو قربانی کو لیکر حکومت کو سنجیدہ ہونے کو ضرورت ہے۔
انہوں نے وزیرِ نگراں اسلم شیخ سے ملاقات کر اس بات کا مطالبہ کیا کہ اس بار مسلمانوں کو قربانی سے محروم نہ ہونا پڑے اسلئے ابھی سے اس پر غور کریں۔
اس کے علاوہ مدھیہ پردیش گجرات اور مہاراشٹر کے کسان سال بھر بکروں کی پرورش کر کے اسے ممبئی لاتے ہیں اگر انہیں امسال بھی اجازت نہیں دی گئی تو یہ تباہ ہو جائیں اس میں بیشتر کسان ہوتے ہیں کسی کو اپنے بیٹے کی تو کسی کو اپنی بیٹی اور کسی کو اپنے بچے کی فیس ادا کرنا ہے اس لئے سرکار کو جلد فیصلہ لینا ہو گا ۔رکن اسمبلی ابوعاصم اعظمی نے ایک ویڈیو پیغام میں حکومت سے یہ مطالبہ کیا۔