نئی دہلی: کانجھا والا معاملہ میں دہلی پولیس نے مرکزی وزارت داخلہ کو تفصیلی رپورٹ پیش کی ہے۔ اس رپورٹ کا نوٹس لیتے ہوئے وزارت داخلہ نے جمعرات کی دیر شام دہلی پولیس کمشنر سے کہا ہے کہ وہ تین پی سی آر اور دو پولیس پکٹ پر تعینات پولیس اہلکاروں کو معطل کر دیں۔ اس کے ساتھ انہوں نے ان پولیس اہلکاروں کے خلاف تادیبی کارروائی کرنے کو بھی کہا ہے اور کار میں سوار تمام ملزمان کے خلاف قتل کا مقدمہ چلانے کا حکم دیا ہے۔
وزارت داخلہ نے دہلی پولیس کمشنر سے کہا ہے کہ وہ تفتیشی افسروں کو تحقیقات میں کوتاہیوں کا پتہ لگانے کے لیے وجہ بتاؤ نوٹس جاری کریں۔ بتایا جا رہا ہے کہ وزارت نے ملزمان کے خلاف جلد از جلد عدالت میں چارج شیٹ داخل کرنے اور تمام ضروری اقدامات کرنے کا مشورہ دیا ہے، تاکہ انہیں سزا دی جا سکے۔ 2 جنوری کو وزارت داخلہ نے معاملے کی جانچ دہلی پولیس کی اسپیشل کمشنر شالنی سنگھ کو سونپی تھی اور انہوں نے ہی اس جانچ کو مکمل کیا اور اپنی رپورٹ وزارت کو پیش کی۔ آپ کو بتادیں کہ اس وقت اس کیس کے چھ ملزمان جیل میں بند ہیں۔