نئی دہلی:سابق مرکزی وزیر اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینیئر لیڈر مختار عباس نقوی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی 'تپسیا کی طاقت، محنت کے نتائج' نے ثابت کر دیا ہے کہ 'نہ سچ پریشان ہوسکتا ہے، نہ اسے شکست دی جاسکتی ہے۔ نقوی نے یہ بات 'انڈین بدھسٹ ایسوسی ایشن' کی طرف سے سنت گرو رویداس جی کے یوم پیدائش پر منعقد 'سماجی ہم آہنگی کانفرنس' سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ سنت رویداس جی کے خیالات، پیغامات کا عزم ہی ’ایک بھارت شریشٹھ بھارت‘ کا بنیادی منتر ہیں۔ سنت رویداس جی نے سیکڑوں سال پہلے ذات پات کے نظام کے برے اثرات کے خلاف جو پیغام دیا تھا، وہ آج بھی متعلقہ ہے۔
بی جے پی کے سینیئر لیڈر نے کہا کہ سنت رویداس جی کے عزم کو آگے بڑھاتے ہوئے مودی حکومت مذہب، ذات پات اور خطہ کی سرحدوں کو توڑ کرجامع اورسب کو شامل کرنے والی ترقی کے راستے پر چل رہی ہے، ہر ہندوستانی کی سلامتی، خوشحالی اور اسے بااختیار بنانے کا کام ہورہا ہے۔ سابق مرکزی وزیر نے کہا کہ سنتوں کے افکار اور صوفیائے کرام کے اسباق کا نتیجہ ہے کہ دنیا کے اتار چڑھاؤ اور اتھل پتھل کے درمیان ہندوستان آج دنیا کو راستہ دکھا رہا ہے، یہ ان ہی عظیم سنتوں اور صوفیاء کی تپسیا کی طاقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ 'سیکولرازم، سماجی ہم آہنگی، رواداری' ہندوستان کا ڈی این اے ہے۔ ہندوستان آج پوری دنیا کے لیے سماجی ہم آہنگی، بھائی چارے اور رواداری کی ایک مثال ہے۔ ہندوستان دنیا کا واحد ملک ہے جہاں تمام مذاہب اور فرقوں سے تعلق رکھنے والے کروڑوں لوگ امن اور ہم آہنگی کے ساتھ رہ رہے ہیں۔