نئی دہلی: حزب اختلاف کے اتحاد 'انڈین نیشنل ڈیولپمنٹل انکلوسیو الائنس' (انڈیا) کے ارکان پارلیمنٹ کا ایک وفد 29 اور 30 جولائی کو تشدد زدہ منی پور کا دورہ کرے گا۔ لوک سبھا میں کانگریس کے وہپ مانیکم ٹیگور نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کے 20 سے زیادہ ممبران پارلیمنٹ کا ایک وفد اس ہفتے کے آخر میں منی پور کا دورہ کرے گا تاکہ صورتحال کا جائزہ لیا جا سکے۔ قابل ذکر ہے کہ کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے حال ہی میں منی پور کا دورہ کیا تھا۔ وہیں دوسری جانب مانسون اجلاس میں اپوزیشن پارٹیاں مسلسل منی پور پر پارلیمنٹ میں وزیر اعظم نریندر مودی کے بیان کا مطالبہ کر رہی ہیں جس میں وہ ابھی تک کامیاب نہیں ہوئے ہیں۔ جبکہ سرکار کا کہنا ہے وہ منی پور پر بات کرنا چاہتی ہے۔
واضح رہے کہ منی پور تشدد کے معاملے پر پارلیمنٹ میں جاری تعطل کے درمیان کانگریس نے بدھ کو لوک سبھا میں حکومت کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پیش کی، جسے ایوان میں بحث کے لیے منظور بھی کر لیا گیا اور اب لوک سبھا اسپیکر اوم برلا تمام پارٹیوں کے لیڈروں سے بات کرنے کے بعد اس تجویز پر بحث کی تاریخ طے کریں گے۔ کانگریس لیڈروں کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کو پارلیمنٹ میں لانے اور منی پور پر جوابدہ ٹھہرانے کا یہی ایک آخری ہتھیار تھا جس کو ہمیں استعمال کرنا پڑا۔