نئی دہلی: 2019 اور 2021 کے درمیان تین سالوں میں ملک میں 13.13 لاکھ سے زیادہ لڑکیاں اور خواتین لاپتہ ہوئیں، جس میں مدھیہ پردیش سب سے زیادہ تقریباً دو لاکھ کے ساتھ پہلے نمبر پے جبکہ مغربی بنگال دوسرے اور مہاراشٹر تیسرے نمبر پر ہے۔ مرکزی وزارت داخلہ کے اعداد و شمار کو گزشتہ ہفتے پارلیمنٹ میں پیش کیا گیا جس کے مطابق ملک بھر میں 2019 اور 2021 کے درمیان 18 سال سے زیادہ عمر کی 10,61,648 خواتین اور اس سے کم عمر کی 2,51,430 لڑکیاں لاپتہ ہوئیں۔
یہ ڈیٹا نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو (NCRB) نے مرتب کیا تھا۔پارلیمنٹ کو فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق، مدھیہ پردیش میں 2019 اور 2021 کے درمیان 1,60,180 خواتین اور 38,234 لڑکیاں لاپتہ ہوئیں۔ اسی عرصے میں مغربی بنگال سے کل 1,56,905 خواتین اور 36,606 لڑکیاں لاپتہ ہوئیں۔ مہاراشٹر میں مذکورہ مدت میں 1,78,400 خواتین اور 13,033 لڑکیاں لاپتہ ہوئیں۔
اڈیشہ میں تین سالوں میں 70,222 خواتین اور 16,649 لڑکیاں لاپتہ ہوئیں جبکہ مذکورہ مدت میں چھتیس گڑھ سے 49,116 خواتین اور 10,817 لڑکیاں لاپتہ ہوئیں۔ مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں، دہلی میں لڑکیوں اور خواتین کے لاپتہ ہونے کی سب سے زیادہ تعداد ریکارڈ کی گئی۔ قومی راجدھانی میں 2019 سے 2021 کے درمیان 61,054 خواتین اور 22,919 لڑکیاں لاپتہ ہوئیں جبکہ جموں و کشمیر میں مذکورہ مدت میں 8,617 خواتین اور 1,148 لڑکیاں لاپتہ ہوئیں۔
حکومت نے پارلیمنٹ کو یہ بھی بتایا کہ اس نے ملک بھر میں خواتین کی حفاظت کے لیے متعدد اقدامات کیے ہیں، جن میں جنسی جرائم کے خلاف موثر روک تھام کے لیے فوجداری قانون (ترمیمی) ایکٹ، 2013 کا نفاذ شامل ہے۔