دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بھارتی اوپنر شبھمن گل اور تیز گیند باز محمد سراج کو جنوری کے مہینے کے بہترین کھلاڑی کے ایوارڈ کے لیے نامزد کیا ہے۔ آئی سی سی نے منگل کو یہ اطلاع دی۔ بھارت کے باصلاحیت بلے باز گل نے جنوری میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین سنچریاں اور ایک ڈبل سنچری بنائی تھی۔ انہوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے یک روزہ میں ڈبل سنچری بنانے کے بعد اگلے دو میچوں میں بالترتیب 40 ناٹ آؤٹ اور 112 رنز بنائے اور تین میچوں کی ایک روزہ سیریز میں سب سے زیادہ رنز (360) کے بابر اعظم کے ریکارڈ کی برابری کی تھی۔
ون ڈے کرکٹ میں اپنی صلاحیت کا لوہا منوانے کے بعد، گل نے نیوزی لینڈ کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بھی سنچری اسکور کی۔ سری لنکا کے خلاف تینوں ٹی ٹوئنٹی میچوں میں اوسط کارکردگی کے بعد گل کیوی ٹیم کے خلاف بھی پہلے دو میچوں میں زیادہ کچھ نہیں کر سکے۔ تاہم، انہوں نے فیصلہ کن تیسرے اور آخری ٹی20 میں 63 گیندوں پر 126 رن کی دھماکہ خیز اننگ کھیل کر اپنے ناقدین کا منہ بندکردیا۔