نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی 19 سے 24 مئی تک جاپان، پاپوا نیو گنی اور آسٹریلیا کا دورہ کریں گے جس دوران وہ جی- 7 اور کواڈ گروپ کے سربراہی اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔ سرکاری معلومات کے مطابق پی ایم نریندر مودی جاپان کے وزیر اعظم کیشیدا فومیو کی دعوت پر 19 سے 21 مئی کو ہیروشیما کا دورہ کریں گے اور جاپان کی صدارت میں ہونے والی جی-7 چوٹی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ سربراہی اجلاس کے موقع پر، وزیراعظم نے شراکت دار ممالک کے ساتھ G-7 اجلاسوں میں پائیدار عالمی امن، استحکام اور خوشحالی ، خوراک، کھاد اور توانائی کی حفاظت؛ صحت؛ صنفی مساوات؛ موسمیاتی تبدیلی اور ترقیاتی تعاون کے موضوعات پر بھارت کا نقطہ نظر پیش کریں۔
وزیر اعظم سربراہی اجلاس کے موقع پر شریک لیڈروں سے دو طرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔ دورے کے دوسرے مرحلے میں، مودی 22 مئی کو پاپوا نیو گنی کے دارالحکومت پورٹ مورسبی جائیں گے جہاں وہ پاپوا نیو گنی کے گورنر جنرل سر باب ڈیڈ اور وزیر اعظم جیمس ماراپے سے ملاقات کریں گے۔ پاپوا نیو گنی 2014 میں تشکیل پانے والے FIPIC فورم کا حصہ ہے جس میں بحرالکاہل کے 14 ممالک فجی، پاپوا نیو گنی، ٹونگا، کریباتی، ساموا، وانواتو، نیوئی، مائیکرونیشیا، جزائر مارشل، کوک جزائر، اور جزائر سولومن شامل ہیں۔ تیسرے مرحلے میں، مسٹر مودی 22-24 مئی کو سڈنی میں کواڈ سمٹ میں شرکت کے لیے آسٹریلیا جائیں گے۔