اردو

urdu

ETV Bharat / bharat

وزیر اعظم نے ضلع افسران، کمشنرز سے کووڈ روک تھام کی بابت مشورے طلب کیے - کورونا وبا کے پیش نظر وزیر اعظم کی میٹنگ

وزیر اعظم نریندر مودی نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے مختلف ریاستوں اور اضلاع کے فیلڈ سطح کے افسران کے ساتھ کووڈ-19 وبائی مرض سے نمٹنے میں ان کے تجربات کے بارے میں بات چیت کی۔

وزیر اعظم نے ضلع افسران، کمشنرز سے کووڈ روک تھام کی بابت مشورے طلب کیے
وزیر اعظم نے ضلع افسران، کمشنرز سے کووڈ روک تھام کی بابت مشورے طلب کیے

By

Published : May 18, 2021, 10:27 PM IST

بات چیت کے دوران، افسران نے کووڈ کی دوسری لہر کے خلاف لڑائی کی قیادت کرنے کے لیے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا۔ افسران نے اپنے تجربات شیئر کیے اور وزیر اعظم کو حالیہ دنوں کووڈ کے معاملے میں تیزی سے اضافہ سے نمٹنے کے سلسلے میں اٹھائے گئے اقدام سے باخبر کیا۔

انہوں نے دیہی علاقوں میں صحت سے متعلق بنیادی ڈھانچے اور صلاحیت سازی کو بہتر کرنے کی سمت میں کی جا رہی متعدد کوششوں کے بارے میں بھی بتایا۔ وزیر اعظم نے افسران سے بہترین طور طریقے اور شاندار اقدام کو جمع کرنے کو کہا تاکہ ان کا استعمال ملک کے دیگر اضلاع میں کیا جا سکے۔

بات چیت کے بعد افسران سے خطاب کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے اس مشکل وقت میں ملک کے طبی ملازمین، صف اول کے کارکنان اور منتظمین کے ذریعے دکھائی گئی ایمانداری اور عزم کی تعریف کی اور ان سے آئندہ بھی اسی جوش کے ساتھ کام کرتے رہنے کی اپیل کی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ 'ملک کا ہر ضلع ایک دوسرے سے الگ ہے اور ان کے اپنے مسائل ہیں۔ انہوں نے ضلع کے افسران سے کہا کہ آپ اپنے ضلع کے مسائل کو زیادہ بہتر طریقے سے سمجھتے ہیں۔ اس لیے جب آپ کا ضلع جیتتا ہے، تو ملک جیتتا ہے۔ جب آپ کا ضلع کورونا کو ہراتا ہے، تو ملک کورونا کو ہراتا ہے۔'

انہوں نے اُن افسران کی تعریف کی جو کووڈ-19 سے متاثر ہونے کے باوجود بغیر چھٹی لیے کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 'یہ افسران کئی لوگوں کے لیے حوصلہ کا باعث ہیں اور ان کے ذریعے دی گئی قربانی کو وہ سمجھتے ہیں'۔

وزیر اعظم نے کہا کہ 'کورونا کے خلاف اس لڑائی میں تمام افسران کی اس لڑائی کے فیلڈ کمانڈر کی طرح بے حد اہم رول ہے۔ انہوں نے تبصرہ کیا کہ مقامی کنٹینمنٹ ژون، مثبت جانچ اور لوگوں کو صحیح اور مکمل معلومات اس وائرس کے خلاف ہتھیار ہیں۔ اس وقت کچھ ریاستوں میں جہاں کورونا کے متاثرین کی تعداد کم ہو رہی ہے، وہیں کئی دیگر ریاستوں میں یہ تعداد بڑھ رہی ہے۔ اس لیے انہوں نے کم ہوتے مرض کے پس منظر میں مزید محتاط رہنے کی ضرورت پر زور دیا'۔

انہوں نے زور دیکر کہا کہ 'لڑائی ہر ایک زندگی کو بچانے کی ہے اور ہماری توجہ دیہی اور دور دراز کے علاقوں کی طرف جانی چاہیے۔ انہوں نے افسران سے دیہی آبادی کے لیے راحت اشیاء کو آسانی سے دستیاب کرانے کی اپیل کی'۔

وزیر اعظم نے افسران کو صلاح دی کہ وہ اپنے ضلع کے ہر ایک شہری کی زندگی کو آسان بنانے پر توجہ دیں۔ انہوں نے بیماری کو روکنے اور ساتھ ہی ضروری سازوسامان کی بلا روک ٹوک سپلائی کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے بتایا کہ 'پی ایم کیئرس فنڈ کے ذریعے ملک کے ہر ضلع کے اسپتالوں میں آکسیجن پلانٹ لگانے کا کام تیزی سے کیا جا رہا ہے اور کئی اسپتالوں میں ان پلانٹز نے کام کرنا شروع بھی کر دیا ہے'۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details