نئی دہلی: نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے صدر شرد پوار نے اتوار کو مرکز میں نریندر مودی کی قیادت والی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت پر تنقید کرتے ہوئے الزام لگایا کہ وزیر اعظم نے چین کے معاملے پر ملک کو گمراہ کیا ہے۔ دہلی کے تالکٹورا اسٹیڈیم میں این سی پی کے آٹھویں قومی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے پوار نے کہا کہ وزیر اعظم نے دعویٰ کیا تھا کہ چینی فوج بھارتی علاقے میں داخل نہیں ہوئی، لیکن اب یہ واضح ہو گیا ہے کہ انہوں نے غلط بیان دیا تھا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ چین کے معاملے پر مودی حکومت کی ناکامی واضح ہے۔Sharad Pawar On Modi Govt
انہوں نے سوالیہ لہجے میں کہا 'چین نے نریندر مودی حکومت کے دوران بھارتی سرحد پر ایل اے سی کی مسلسل خلاف ورزی کی۔ چینی دراندازی کے سامنے ہم ثابت قدمی سے کارروائی کیوں نہیں کر پا رہے؟ یہ ہماری ناکامی نہیں تو اور کیا ہے؟
معیشت کی حالت پر حکومت پر تنقید کرتے ہوئے پوار نے کہا کہ حکومت کا دعویٰ ہے کہ بھارتی معیشت مضبوط ہوگئی ہے، جبکہ ملک کو مہنگائی اور بے روزگاری کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کی غلط اور غیر معقول پالیسیوں کی وجہ سے آج مہنگائی عروج پر ہے۔ وہیں روزگار کے مسائل کے ساتھ ساتھ ملکی سلامتی کے حوالے سے بھی خدشات بڑھ گئے ہیں۔
این سی پی لیڈر نے پارٹی کارکنوں پر زور دیا کہ وہ مرکزی حکومت کے غلط کاموں کو چیلنج کرنے کے لیے قومی سطح پر متحرک ہونے کے لیے تیار رہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کا اتحاد اولین ترجیح ہو گی۔ جمہوری اقدار کا مسلسل زوال پذیر ہیں، ایسے میں ہمارے ملک کے نوجوانوں کو آگے آنا ہوگا۔ اب نئی نسل کو جمہوری طریقے سے مرکزی حکومت کے غلط کاموں کے خلاف لڑنے کے لیے قائدانہ کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔