نئی دہلی: مودی کنیت ہتک عزت کیس میں آج سپریم کورٹ میں سماعت ہوئی۔ عدالت نے اس معاملے میں گجرات حکومت اور عرضی گزار پورنیش مودی کے خلاف نوٹس جاری کیا ہے اور اس نوٹس کا 10 دن کے اندر جواب بھی طلب کیا ہے۔ ساتھ ہی عدالت نے کیس کی اگلی سماعت 4 اگست کو مقرر کی ہے۔ عرضی گزار پورنیش مودی نے جواب دینے کے لیے 21 دن کا وقت طلب کیا تھا۔
سینئر وکیل ابھیشیک سنگھوی راہل گاندھی کی طرف سے پیش ہوئے، انھوں نے 18 جولائی کو اس معاملے کا ذکر کیا تھا اور عرضی کی فوری سماعت کی درخواست کی تھی، جس کے بعد چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ کی سربراہی والی بنچ نے عرضی پر سماعت کرنے پر اتفاق کیا۔ راہل گاندھی نے اپنی عرضی میں کہا ہے کہ اگر 7 جولائی کے حکم پر روک نہیں لگائی گئی تو اس سے آزادی اظہار، آزاد خیال، اور آزاد بیان کا دم گھٹ جائے گا۔
واضح رہے کہ 13 اپریل 2019 کو کرناٹک کے کولار میں ایک انتخابی ریلی کے دوران راہل گاندھی نے بیان دیا تھا کہ تمام چوروں کی کنیت مودی ہی کیوں ہے؟ جاس کے بعد راہل گاندھی کے خلاف گجرات حکومت کے ایک سابق وزیر پرنیش مودی نے اس تبصرہ کے حوالے سے مجرمانہ ہتک عزت کا مقدمہ دائر کیا تھا۔