احمدآباد:گجرات کی مائنوریٹی کوآرڈینشن کمیٹی نے کاجل شمواڑا عرف کاجل ہندوستانی اور اس کے منتظمین کے خلاف ایف آئی آر درج کرانے کے لئے احمدآباد کے ویجل پور پولیس اسٹیشن میں عرضی داخل کی ہے۔ اس تعلق سے مائنوریٹی کوآرڈینشن کمیٹی گجرات کے کنوینر مجاہد نفیس نے کہا کہ کاجل ہندوستانی نے اونا میں رام نومی کے دن عوامی میٹنگ میں مائیکروفون پر مسلم خواتین اور مسلم مذہب کی تعلیمات کے خلاف توہین آمیز الفاظ کا استعمال کیا اور اسے پبلک میڈیا میں شائع کرکے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچایا۔ ساتھ ہی مسلمانوں اور ہندو شہریوں کے درمیان نفرت اور دشمنی پیدا کرتے ہوئے امن و امان کو بگاڑا۔
انہوں نے کہا کہ ایسی حرکت کرنے والی کاجل ہندوستانی اور دیگر پروگرام کے آرگنائزرس کے خلاف ہم ویجل پور پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرنے کے لیے ایک عرضی پولیس اسٹیشن میں دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاجل ہندوستانی کی اشتعال انگیز تقریر کے بعد اونا میں مسلمانوں کے گھروں، تجارتی مقامات پر حملے ہوئے اور شہر اور ریاست کا امن درہم برہم ہو گیا۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ ملزم کے خلاف آئی پی سی اور متعلقہ قوانین اور پاسا ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت کارروائی کی جائے۔