نئی دہلی: آسام سے رکن پارلیمنٹ عبدالخالق کی قیادت میں ایک وفد نے بونگائی گاؤں ضلع میں حال ہی میں ایک مدرسے کو منہدم کیے جانے پر قومی اقلیتی کمیشن کے چیئرمین اقبال سنگھ لال پورہ سے ملاقات کرکے اس معاملے میں مداخلت کرنے کی درخواست کی۔
وفد نے پیر کو ان کے دفتر میں ملاقات کرکے لال پورہ کو اس سلسلے میں ایک میمورنڈم بھی پیش کیا ہے۔ میمورنڈم میں ریاستی حکومت کی کارروائی کو 'قانون کی خلاف ورزی' قرار دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا، 'ضلع بونگائیگاؤں میں مرکز المعارف قریانہ مدرسہ کو ضلع انتظامیہ نے 31 اگست کو منہدم کر دیا تھا۔ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ مدرسے کے پاس ایک ہی احاطے میں کثیر مقصدی سرگرمیاں انجام دینے کے لیے ضروری دستاویزات نہیں ہیں۔ یہ بھی نشاندہی کی گئی ہے کہ مدرسہ ساختی طور پر کمزور اور انسانی رہائش کے لیے غیر محفوظ ہے۔
انہوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ ضلع انتظامیہ نے مدرسہ کے 224 رہائشی طلباء کو جگہ خالی کرنے کے لیے مناسب وقت نہیں دیا۔ جن میں بیشتر نابالغ طلباء ہیں۔ انہوں نے کہا، "طلبہ کو آدھی رات کو کیمپس خالی کرنا پڑا، ان کے پاس کوئی پناہ گاہ نہیں تھی کیونکہ ان میں سے زیادہ تر دور دراز علاقوں سے تھے۔ یہ ان نابالغ طالب علموں کے ساتھ بھی ایک غیر انسانی فعل ہے، جنہیں اس طرح کی 'غیر قانونی' کارروائی کے ذریعے تعلیم کے حق سے محروم کر دیا گیا ہے۔