نئی دہلی: کُل ہند مجلس اتحاد المسلمین نے جنگ آزادی کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر مسلم مجاہدین آزادی کی قربانیوں کو اجاگر کرنے کے لیے مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس مہم میں پارٹی کے تمام کارکنان اپنی جانکاری کے مطابق مسلم مجاہدین آزادی کے کارناموں کو سوشل میڈیا کے توسط سے اجاگر کریں گے۔ یہ مہم 10 اگست سے شروع ہوکر 15 اگست 2022 تک جاری رہے گی۔ MIM delhi will campaign highlights of muslim mujahideen azadi
ایم آئی ایم کے دہلی صدر کلیم الحفیظ نے ایک پریس کانفرنس میں جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ ملک جنگ آزادی کا 75واں سال منارہا ہے، جس کے لیے مرکزی حکومت نے امرت مہوتسو کے طور پر ہر گھر جھنڈا لہرانے کی مہم شروع کی ہے، لیکن اس دوران سب سے خاص بات یہ ہے کہ ان مجاہدین آزادی کو نظر انداز کیا جارہا ہے جنہوں نے اس ملک کی آزادی کے لیے اپنی جانوں کی قربانیاں دی ہیں۔ اس لیے کل ہند مجلس اتحاد المسلمین دہلی نے مسلم مجاہدین آزادی کے کارناموں کو اجاگر کرنے کے لیے مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔