آل انڈیا ملی کونسل بہار کے ریاستی دفتر پھلواری شریف پٹنہ میں کونسل کے شعبہ ذرائع ابلاغ و سوشل میڈیا ڈیسک کی ایک نشست منعقد ہوئی۔
نشست میں شرکا نے اتفاق رائے سے طے کیا کہ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا بطور خاص ہندی، انگریزی و سوشل میڈیا پر جس طرح سے مسلم مخالف خبریں پیش کی جا رہی ہیں اس کے جائزہ کے لیے ایک میڈیا واچ بنایا جائے جو اس طرح کی خبروں کی تحقیق کر کے اس کا جواب دے۔ نیز جھوٹے پروپیگنڈہ کو پھیلانے پر میڈیا ہاؤسز اور اخبار کے مالکان سے جواب طلب کرے۔
مزید پڑھیں:۔جمہوریت میں حق کے لیے بار بار آواز اٹھانے کی ضرورت: مولانا انیس الرحمٰن قاسمی
نشست میں اس تجویز پر بھی اتفاق ہوا کہ ملی کونسل بہار کو سوشل میڈیا سے جوڑا جائے اور اقلیتوں کے مسائل کو پوری طاقت کے ساتھ تینوں زبانوں اردو، ہندی اور انگریزی میں سوشل میڈیا کے ذریعہ اٹھایا جائے نیز اقلیتوں سے متعلق مرکزی اور ریاستی حکومت کے ذریعہ چلائی جا رہی اسکیمز اور منصوبوں سے عام لوگوں کو واقف کرایا جائے۔
اس نشست کی صدارت ملی کونسل کے قومی نائب صدر مولانا انیس الرحمن قاسمی نے کی جبکہ نظامت کے فرائض کونسل کے کارگزار جنرل سکریٹری مولانا نافع عارفی نے انجام دی۔
نشست کی صدارت کرتے ہوئے مولانا انیس الرحمن قاسمی نے کہا کہ اس وقت میڈیا ہی ایک اہم ذرائع ہے جس سے ہم لوگوں تک باآسانی پہنچ سکتے ہیں۔ اس وقت میڈیا کو مثبت کے لئے کم اور منفی چیزوں کے لیے زیادہ استعمال کیا جا رہا ہے، میڈیا ایک آزادانہ ادارہ ہے، یہ ہم پر منحصر ہے کہ ہم اس کا کس طرح استعمال کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج بھی کئی میڈیا ہاؤسز ہیں جو مثبت چیزوں کو ترجیحی طور پر جگہ دیتے ہیں۔ ہمیں بھی اس پلیٹ فارم کے ذریعہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو مثبت پیغام دینا ہے تاکہ ملک و معاشرے میں ایک خوشگوار فضا قائم ہو، ملی کونسل انہیں خطوط پر آگے بڑھا رہی ہے جس کے تحت شعبہ ذرائع ابلاغ کی تشکیل دی گئی ہے اور اس کے سکریٹری ڈاکٹر نورالسلام ندوی بنائے گئے ہیں۔
شرکا میں ملی کونسل شعبہ ذرائع ابلاغ کے سکریٹری ڈاکٹر نورالسلام ندوی، محمد نعمت اللہ، پروفیسر صدر الحق، مولانا عبد الواحد رحمانی، انوار الہدی، انوار اللہ، نواب عتیق الزماں، محمد رضاء اللہ وغیرہ نے شرکت کی۔