بائیں ہاتھ کے تیز گیندباز جے دیو اونادکٹ (15 رن پر تین وکٹ) کی شاندار گیندبازی کی بدولت راجستھان رائلس نے دہلی کیپیٹلس کی مضبوط بلے بازی کو آٹھ وکٹ 147 رن پر روک دیا تھا۔ اور ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے راجستھان نے اپنے سات وکٹ 104 رن پر گنوا دیے تھے لیکن مورِس نے محض 18 گیندوں پر چار چھکے لگاتے ہوئے ناٹ آؤٹ 36 رن بنا کر راجستھان کو جیت کی منزل تک پہنچا دیا۔ راجستھان نے 19.4 اوور میں سات وکٹ پر 150 رن بنا کر میچ ختم کیا۔
خیال رہے کہ راجستھان رائلس نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ اونادکٹ نے شاندار گیندبازی کرتے ہوئے اپنے پہلے تین اوور میں دہلی کے سرفہرست تین بلے بازوں کو پویلین بھیج دیا۔ کپتان رشبھ پنت نے 32 گیندوں پر نو چوکوں کی مدد سے 51 رن کی شاندار نصف سنچری والی پاری کھیلی جس سے دہلی کی ٹیم کچھ لڑنے لائق اسکور تک پہنچ سکی۔
للت یادو نے 20، ٹام کرین نے 23 اور کرس ووکس نے ناٹ آؤٹ 15 رن بنا کر دہلی کے اسکور کو کچھ ٹھیک کیا۔