لکھنؤ: اتر پردیش مدرسہ تعلیمی بورڈ لکھنؤ کی گزشتہ دنوں 2016 کے مدرسہ دستورالعمل کی ترمیم کے حوالے سے ایک اہم میٹنگ منعقد ہوئی تھی جس میں متعدد تجاویز سامنے آئیں، ان تجاویز میں ایک یہ بھی تھی کہ مدارس میں جمعہ کے بجائے اتوار کو تعطیل کی جائے، اس تجویز کے بعد مدارس کے ذمہ داران کے مابین بے چینی پائی جارہی ہے کیونکہ اگر اس طرح کے فیصلے لیے جائیں گے تو مدارس میں تعلیم کا نظام کام متاثر ہوگا۔ اس حوالے سے مدرسہ بورڈ کے رکن تنویر رضوی نے ای ٹی وی بھارت سے گفتگو کے دوران تجویز سے نااتفاقی کا اظہار کیا ہے۔ Uttar Pradesh Madarsa Board Meeting
تنویر رضوی نے کہا کہ 'مدارس میں جمعہ کی بجائے اتوار کو تعطیل کی تجویز کی ہم بھرپور مخالفت کرتے ہیں۔ اس میٹنگ میں وہ موجود تھے، اس سے اتفاق نہیں رکھتے اور کئی سارے مدارس کے ذمہ داران نے رابطہ کر کے اس پر ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ تنویر رضوی نے کہا کہ مدرسہ بورڈ ریاست کے سبھی مدرسوں میں معیاری تعلیم فراہم کرانے کے لیے ہر طرح سے تیار ہے، بدعنوانی سے پاک اور ہنر مند طلبہ کو تعلیم مہیا کرانے کے لیے پوری کوشش کر رہا ہے لیکن کچھ ایسے معاملات سامنے آ جاتے ہیں جس سے غلط پیغام جاتا ہے اور ایسا لگتا ہے کی مدرسہ بورڈ ریاست کے مدارس پر کچھ تھوپ رہا ہے حالانکہ ایسا نہیں ہے۔