بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینئر رہنما محمد صدیق خان نے ڈاک بنگلو کھنہ بل میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلی اور پی ڈی پی کی صدر محبوبہ مفتی کشمیری عوام سے معافی مانگیں۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے محمد صدیق خان نے کہا کہ محبوبہ مفتی نے بی جے پی اور آر ایس ایس کے خلاف جو بیان دیا ہے، ہم اس کی سخت مزامت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محبوبہ مفتی نے جب بی جے پی کے ساتھ حکومت بنائی، تو اس وقت بی جے پی صحیح تھی۔ محبوبہ مفتی اس طرح کے بیان دے کر کشمیری عوام کو گمراہ کر رہی ہیں۔ محبوبہ مفتی کشمیری عوام سے جلد از جلد معافی مانگیں۔
محمد صدیق خان کے مطابق اگر محبوبہ مفتی معافی نہیں مانگیں گی تو میں ان کے خلاف عدالت میں کیس درج کروں گا۔
محبوبہ مفتی کشمیری عوام سے معافی مانگیں: صدیق خان واضح رہے کہ سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے جموں میں آر ایس ایس اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو فرقہ پرست جماعتیں قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ یہ جماعتیں ہندوتوا کی شناخت نہیں ہیں بلکہ ہندو-مسلم اتحاد کو زک پہنچانے کے درپے ہیں۔
انہوں نے آر ایس ایس اور بی جے پی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 'یہ جماعتیں مذہبی منافرت کی سیاست کرتی ہیں۔ ان جماعتوں کو اصل ہندوتوا یا سناتن دھرم کے ساتھ نہیں جوڑا جا سکتا۔'
مزید پڑھیں:۔بی جے پی اور آر ایس ایس فرقہ پرست جماعتیں ہیں: محبوبہ مفتی
انہوں نے مزید کہا کہ ’ان تنظیموں نے ہندوتوا کو ہائی جیک (Hijack) کرکے لوگوں کو آپس میں لڑانے کا کام شروع کیا ہے۔ دونوں پارٹیاں مذہبی نہیں بلکہ فرقہ پرست جماعتیں ہیں۔‘