شیلانگ: میگھالیہ میں حکومت سازی کی غیر یقینی صورتحال بالآخر ختم ہوگئی ہے اور کونراڈ سنگما کی نیشنل پیپلز پارٹی (این پی پی) میگھالیہ میں حکومت بنائے گی۔ یونائیٹیڈ ڈیمیو کریٹک (یو ڈی پی) اور پیپلز ڈیمو کریٹک فرنٹ ( پی ڈی ایف) نے حکومت بنانے کے لیے کونراڈ سنگما کی حمایت کی ہے۔ دونوں جماعتوں کے صدور نے کونراڈ سنگما کی حمایت کرکے حکومت تشکیل دینے کے لیے ایک خط لکھا ہے۔ غور طلب ہے کہ میگھالیہ اسمبلی انتخابات کے نتائج کا اعلان 2 مارچ کو کیا گیا تھا جس میں این پی پی نے 26 سیٹوں پر کامیابی حاصل کی تھی لیکن حکومت بنانے کے لیے 31 سیٹیں درکار ہوتی ہیں۔
دوسری جانب حکومت بنانے کے لیے کسی ایک پارٹی کے پاس اکثریت نہیں ہے۔ اس کے بعد سے ریاست میں کس کی حکومت بنے گی اس سے متعلق قیاس آرائیاں جاری تھیں۔ اسی دوران کونراڈ سنگما کی جانب سے حکومت کی تشکیل پر غیر یقینی صورتحال کے درمیان ترنمول کانگریس کے مکل سنگما حکومت بنانے کی دوڑ میں تھے، لیکن اتوار کو یو ڈی پی اور پی ڈی ایف کی جانب سے حمایت کیے جانے کے بعد کونراڈ سنگما کی حکومت تشکیل دینے کا راستہ ہموار ہوگیا ہے ۔ کونراڈ سنگما کی این پی پی پارٹی کل 45 ایم ایل ایز کے ساتھ حکومت بنائے گی۔