سرینگر: جموں و کشمیر کے دارالحکومت سرینگر سے تعلق رکھنے والے 24 سالہ گلوکار جنید احمد بالی ووڈ میں اپنے کریئر کا آغاز کرنے کے لیے تیار ہیں۔ سرینگر کے حبہ کدل کے رہائشی جنید نے خود سے ہی موسیقی سیکھی ہے۔ جنید نے ابتدائی عمر سے ہی موسیقی کی طرف اپنے رجحان کو محسوس کیا اور اس پر کام کرنا شروع کر دیا۔ اپنے فطری موسیقی کے جنون کو آگے بڑھانے میں ان کے خاندان کی طرف سے مکمل تعاون حاصل ہوا۔ Singer Junaid Ahmad
انہوں نے موسیقی کی پیچیدگیوں کو متعدد بار دہرا کر سیکھا ہے۔ انہوں نے ابتدائی دور سے ہی میوزک کمپوز کرنا شروع کر دیا تھا۔ جدوجہد کے دنوں کی تمام مشکلات کو برداشت کرتے ہوئے جنید نے کبھی امید نہیں ہاری اور اپنے یقین کو مضبوط رکھا۔ ان کا انتظار اس وقت ختم ہوا جب بالی ووڈ کے معروف ڈائریکٹر اونیر کی جانب سے انہیں کال آیا۔
جنید کہتے ہیں کہ مجھے وہ دن یاد ہے جب میں اسٹیج پر پرفارم کر رہا تھا، وہ (اونیر) آئے اور لطف اندوز ہوئے۔ سب سے اچھی بات یہ تھی کہ میں نے فلم (بس ایک پل) کا گانا (تیرے بن) پر پرفارم کیا۔ مجھے نہیں معلوم تھا کہ یہ گانا ان کی فلم کا ہے۔ مجھے اس کا علم بعد میں ہوا۔ جب انہوں نے میرے مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں پوچھا، تب میں نے پلے بیک سنگنگ کے لیے اپنے جنون کو ان کے سامنے بیان کیا۔