نئی دہلی:وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کو کہا کہ میڈیا ملک اور معاشرے میں بہت تعمیری کردار ادا کر سکتا ہے، یہ بات سوچھ بھارت مہم اور حکومت کے دیگر پروگراموں کو عوام الناس تک پہنچانے میں میڈیا کی مہم سے حالیہ دنوں میں پھر سے ثابت ہو چکی ہے۔
ماتر بھومی اخبار کی صد سالہ تقریبات کا افتتاح کرنے کے لیے آج منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ میں نے دیکھا ہے کہ میڈیا کس طرح تعمیری کردار ادا کر سکتا ہے۔ مثال کے طور پر سوچھ بھارت ابھیان کو گھر گھر لے جانے میں ہر میڈیا نے مشن کے طورپر کام کیا۔ اسی طرح میڈیا نے یوگا فٹنس اور بیٹی بچاؤ بیٹی پڑھاؤ مہم کو فروغ دینے میں بہت حوصلہ افزا کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ تمام موضوعات ایسے ہیں جو سیاست اور سیاسی جماعتوں کے کردار سے بڑھ کر ہیں۔ یہ مہم ملک کو آنے والے سالوں میں ایک بہتر ملک بنانے کی ہے۔